ارنا نے عراقی ابلاغیاتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ عراق کے سیکورٹی چیف ابوعلی العسکری کا پیغام جاری ہونے کے بعد ندائے الاقصی موکب کے سامنے زائرین امام حسین علیہ السلام نے غاصب صیہونی حکومت کا پرچم نذر آتش کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ عراق کے سیکورٹی چیف ابوعلی العسکری نے اپنے پیغام میں غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ جرائم کا ذکر کیا ہے ۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سرزمین فلسطین پر قابض صیہونیوں کے گھناؤنے اور دہشت گرد گینگ کو امریکا اور برطانیہ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور انہیں کی مدد سے وہ غزہ میں فلسطینی عوام کا قتل عام کررہا ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں تین نکات بیان کئے ہیں ۔
حزب اللہ عراق کے سیکورٹی چیف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پہلی بات یہ ہے کہ بغداد میں برطانوی سفیر ناپسندیدہ عنصر ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ اگر عراقی حکومت نے امریکا کے شر پسند سفیر کی تنبیہ نہ کی تو ہم دوسرے طریقے سے یہ کام کریں گے اور تیسری بات یہ ہے کہ ہم غاصب امریکیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں روکنے کے ہرگز پابند نہیں ہیں۔