تہران (ارنا) ایک صیہونی جنرل نے انکشاف کیا کہ غزہ جنگ نے فوج کی صورتحال کو تباہ کن بنا دیا ہے، اس میں کوئی نظم و ضبط نہیں ہے اور فوجی ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں۔

خبررساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق صہیونی آرمی کمپلین سینٹر کے سابق سربراہ اسحاق بریک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوج تباہ کن صورتحال سے دوچار ہے اور غزہ کی جنگ میں اندرونی فائرنگ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمارے فوجی ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، قانون، نظم و ضبط اور احکامات کی پابندی نہیں ہے۔ فوجی جس طرف چاہیں گولی مار دیتے ہیں، کوئی اصول نہیں اور اس جنگ کے بارے میں جو کچھ کہا جاتا ہے وہ سب جھوٹ ہے۔

حال ہی میں بریک نے تل ابیب سے شائع ہونے والے اخبار معاریو کے ایک مضمون میں غزہ کے جنگی محاذ کی صورتحال کے بارے میں حکمران کابینہ کی غلط رپورٹوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے جھوٹ کے بارے میں کہا کہ قابض صیہونی فوج کا مواصلاتی اور میڈیا یونٹ صیہونی عوام کو غزہ کے خلاف جنگ میں فتح کے بارے میں بتاتا ہے۔ غزہ میں فوج کی رپورٹوں اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق خطرناک اور تشویشناک ہے۔