فلسطینی شہری دفاعی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ پٹی میں "عبد الفتاح حمود" اور "الزھرا" اسکولوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور کچھ لاپتہ ہو گئے۔
اس کے علاوہ میڈیا نے بتایا کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ پٹی میں واقع البریج کیمپ میں ایک رہائشی کمپلیکس پر بمباری کی جس سے 15 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ میں شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بصل نے کہا کہ صیہونی حکومت اسکولوں کو نشانہ بنا کر پناہ گزيںوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ غزہ پٹی میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے دعوے کے برعکس اسکولوں میں شہید ہونے والے تمام افراد خواتین اور بچے تھے اور ان اسکولوں میں مسلح افراد نہيں تھے۔
فلسطینی سرکاری میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے، الاقصی طوفان کے بعد سے ، غزہ پٹی میں پناہ گزینوں کے 174 مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
غزہ پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے جمعرات کو تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے جس کے مطابق صیہونی حکومت نے غزہ پٹی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار جرائم کا ارتکاب کیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید اور 77 دیگر زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق ان شہداء سمیت غزہ پٹی میں کل شہداء کی تعداد 39,699 اور زخمیوں کی تعداد 91,722 تک پہنچ گئ ۔