ارنا کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے جدہ میں تنظیم کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے پر غاصب اسرائیلی حکومت کا اصرار سبھی بین الاقوامی قوانین، اصول و ضوابط اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے منافی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تہران پر اسرائیلی حکومت کا حملہ ایران کے قومی اقتدار اعلی اور اس کی قومی سلامتی نیز سبھی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔
او ائی سی کے سیکریٹری جنرل نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ اپنی ذمہ داری پر عمل کرے اور غاصب صیہونی حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی پابندی نیز غزہ پر جارحیت بند کرنے اور جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور کرنے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے۔
یاد رہے کہ جدہ میں او آئی سی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران کی درخواست پر بدھ کو منعقد ہوا ہے۔
فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کے دوام، فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت ، نیشنل سیکورٹی اور قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کا جائزہ او آئی سی کے بدھ کے ہنگامی اجلاس کا ایجنڈا تھا۔