المیادین ٹی وی چینل کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک کے ڈرونز کا ایک دستہ لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین کے مغربی الجلیل میں داخل ہوا جس سے صہیونی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔
اس رپورٹ کے مطابق الجلیل علیا میں 15 سے زائد مقامات پر خطرے کے سائرن بجے اور مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع ’مرون‘ ایئربیس کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا اور اس ایئر بیس کی فضا میں تصادم بھی نظر آیا۔
صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے بھی ڈرون حملے کے بعد الجلیل کے قصبے کرمیئیل کی فضاؤں میں کئی دھماکوں کی خبر دی۔
اس کے علاوہ کریات شمونہ میں بھی کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور اس علاقے میں راکٹ گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدوں نے جبل نیریا ک فوجی اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہاں موجود کئی افسر یقینی طور پر مارے گئے ہيں۔
حزب اللہ نے مزید بتایا ہے کہ یہ فوجی اڈہ اس وقت گولانی فورسز کا ٹھکانہ ہے اور یہ حملہ صیہونی حکومت کی جانب سے "شقرہ" قصبے میں کی گئی دہشت گردی کے جواب میں کیا گیا ہے۔