تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر نے امیر قطر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں تہران دوحہ روابط کی سطح بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے

ارنا  کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے بدھ 17 جولائی کو ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔

 دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی روابط کی سطح بڑھانے پر زور دیا۔

 ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امیر قطر کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں تہران دوحہ روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان کی حکومت قطر کے ساتھ ہمہ گیر روابط کے فروغ پر سنجیدگی کے ساتھ کام کرے گی۔   

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران اور قطر، دونوں ملکوں کے مشترکہ موقف اور نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی، مذاکرات پر یقین رکھنے والے ذمہ دار ممالک ہیں اور ان کے باہمی روابط کا فروغ اور تعاون کی تقویت علاقے کی پیشرفت اور ترقی میں مفید واقع ہوگی۔  

ایران کے منتخب صدر نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں حکومت قطر کے اصولی اور خرد مندانہ موقف کی قدردانی کی ۔

امیر قطر نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں صدر منتخب ہونے پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کی اور ان   کی کامیابی کی آروز کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور قطر کے روابط تاریخی ہیں اور ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہم مل کر باہمی تعاون سے دو طرفہ تعاون میں مزید وسعت اور تیزی لائيں گے۔  

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے منتخب ایرانی صدر  کے نظریات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا عالمی پیغام جو شائع ہوا ہے وہ  اس خطے کے سبھی ملکوں کے لئے جذبہ امن و محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہم اپنے باہمی تعاون کو وسیع تر کرتے ہوئے خطے اور دنیا کے مسائل کے حل اور  بالخصوص مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں زیادہ موثر قدم اٹھائیں گے۔  

لیبلز