ارنا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے پیر کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ برقرار کرکے، انہیں مبارکباد پیش کی ۔
انھوں نے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ان سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خدمت میں اپنا مخلصانہ سلام پہنچانے کی درخواست کی اور کامیاب صدارتی انتخابات اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی پر انہیں اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور پاکستان دو برادر پڑوسی ملک ہیں جو تاریخی، دینی اور ثقافتی اشتراکات کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے دور صدارت میں مسعود پزشکیان کی کامیابی کی آرزو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد تہران کی نئی حکومت کے ساتھ روابط کی تقویت اور تجارت، توانائی نیز خطے کی سلامتی میں تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے ۔
انھوں نے کہا کہ شہید صدر آیت اللہ رئیسی کے تاریخی دورہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور شراکت کے لئے حالات سازگار بنادیئے ہیں۔
اس ٹیلیفونی گفتگو کے بارے میں پاکستان کے وزیر اعظم کے سیکریٹریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ہم آہنگی نیز تبادلہ خیال اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔