تہران-ارنا- فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں ، 37,925 افراد شہید ہوئے ہيں ۔

غزہ میں وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر صیہونی حکومت نے غزہ میں 3 قتل عام کی وارداتيں انجام دیں جن میں 25 لوگ شہید اور 81 زخمی ہو گئے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے  اعلان کے مطابق اس وحشیانہ  جارحیت کے آغاز سے اب تک 37,925 افراد شہید  اور  87 ہزار 141 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہيں۔

اسی دوران فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد تاحال ملبے تلے دبی ہے۔

صیہونی حکومت بغیر کسی کامیابی کے گزشتہ 9 مہینوں سے غزہ پر حملے جاری رکھے ہے اور اندرونی اور بیرونی بحرانوں میں پھنستی جا رہی ہے ۔

واضح رہے فلسطینی مجاہدوں نے 7 اکتوبر سن 2023 میں الاقصی طوفان نام سے غزہ سے ایک آپریشن شروع کیا تھا۔

45 دنوں تک جنگ جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہوئي جس کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

7 دنوں تک جاری رہنے کے بعد عبوری جنگ بندی ہو گئي اور پہلی دسمبر2023  سے صیہونی حکومت نے غزہ پر پھر سے حملے شروع کر دیئے جو اب تک جاری ہیں اور بڑے پیمانے پر عام شہری شہید ہو رہے ہيں۔