المیادین ٹی وی چینل کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان میں اعلان کیا: ہمارے مجاہدین نے "مسکاوعام" فوجی چھاونی پر دشمن کے جاسوسی آلات کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس حملے میں مطلوبہ اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔
صہیونی میڈیا نے بھی اس بارے میں بتایا ہے کہ لبنان سے راکٹ فائر کئے جانے کے نتیجے میں "جلیل علیا" کے علاقے میں آگ لگ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی کے بعد جب غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے مظلوم عوام پر وسیع حملے شروع کئے تو حزب اللہ لبنان نے غزہ پر حملوں کا زور توڑنے کی غرض سے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجی مراکز پر حملے شروع کردیئے ۔
حزب اللہ لبنان کے وسیع میزائلی اور راکٹی حملوں نیز گولہ باریوں کے نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین کے وسیع علاقے میں صیہونی کالونیاں خالی ہوگئيں اور بہت سے غیر قانونی صیہونی کالونیوں کے آبادکاروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ ختم ہونے کے بعد بھی ان کالونیوں میں واپس نہیں جائيں گے۔