ارنا نے لبنانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئس سے جنوبی لبنان پر صیہونی فوج کے حملوں میں ایک ہزار سے زیادہ لبنانی شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کے علاوہ تقریبا 94 ہزار عام شہری بے گھر ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے لبنان کے 17 شہروں اور قصبوں پر حملے میں ممنوعہ سفید فاسفورس کے بم اور گولے برسائے ہیں جن کے استعمال پر پابندی ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے فاسفورس بموں اور گولوں کے استعمال سے عام شہریوں کی جان خطرے میں ڈالی اور بہت سے لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ سفید فاسفورس ایک کیمیائی مادہ ہے جس کو غیر قانونی طور پر توپ کے گولوں، بموں اور میزائلوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس خطرناک مادے کے آکسیجن سے ٹکرانے سے آگ بھڑک اٹھتی ہے اور اس مادے کے حامل بموں گولوں اورمیزائلوں کا نشانہ بننے والا جل کرجاں بحق ہوجاتا ہے اورزندہ بچ جانے کی صورت میں پوری زندگی شدید تکلیف میں گزارتا ہے۔