لندن – ارنا – آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں تین یورپی ملکوں، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے ایران کے خلاف قرار داد پیش کئے جانے کے امکان کے حوالے سے رافائل گروسی نے کہا ہے کہ وہ سیاسی فیصلوں کے تعلق سے غیر جانبدار ہیں اور ایران کی آئندہ حکومت کے ساتھ اعلی سطح پر افہام و تفہیم میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ارنا کے مطابق رافائل گروسی نے پیر کو ویانا میں صحافیوں کے ساتھ ایک نشست میں کہا کہ انھوں نے گزشتہ ہفتے جمعے کو ایران کے ںگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں باہمی تعاون جاری رکھنے میں دلچسپی کا اعلان کیا۔
انھوں نے ایران کے نگراں وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی ٹیلیفونی گفتگو کے نتیجے کو تعمیری بتایا اور امید ظاہر کی کہ ان کے حالیہ دورہ ایران میں شہید صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ جو اتفاق رائے ہوا تھا وہ جاری رہے گا۔
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی گزشتہ ماہ اصفہان میں منعقدہ ایٹمی سائنس وٹیکنالوجی پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لئے ایران آئے تھے۔
انھوں نے اس سفر میں ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی اور دیگر اعلی رتبہ حکام سے ملاقات اور گفتگو کی تھی ۔
اس سفر میں طے پایا تھا کہ مارچ 2022 میں گروسی کے دورہ ایران میں ہونے والا سمجھوتہ دو طرفہ تعاون کی بنیاد ہوگا اور اسی بنیاد پر تعاون جاری رکھنے کا مسودہ تیار کرنے کے لئے ایران کےمحکمہ ایٹمی توانائی کے نائب سربراہ اور آئی اے ای اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل کے درمیان مذاکرات شروع کئے جائيں گے۔ پ
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے پیر کو صحافیوں کے ساتھ اپنی نشست میں کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحے میں صدر ایران کی شہادت کے بعد فطری طور پر مذاکرات میں وقفہ آگیا لیکن اس کو ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان معاملات طے کرنے میں تاخیر سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔
بورڈ آف گونرس کے اجلاس میں یورپی ٹرائیکا کی جانب سے ایران مخالف قرار داد پیش کئے جانے کے حوالے سے صحافیوں کے سوال کے جواب میں، رافائل گروسی نے اپنی غیر جانبداری ظاہر کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ رکن ملکوں کے سیاسی اقدامات سے قطع نظر ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرس کا اجلاس تھوڑی دیر قبل شروع ہوگیا ہے اورجمعے تک جاری رہے گا۔
کہا جاتا ہے کہ تین یوری ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے رکن ملکوں کے درمیان ایران کے خلاف قرار داد کا مسودہ تقسیم کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں، ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کریں گے۔