ڈاکٹر علی باقری نے مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کا استقبال کیا جو صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کی آخری رسومات کے سلسلے میں ایران آئے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر علی باقری نے مصر کی حکومت، عوام اور شیخ الازہر کی جانب سے صدر اور وزیر خارجہ کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی کے پیغام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت، تاریخ اور دینی اقدار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رئیسی اور ڈاکٹر امیرعبداللہیان کی پالیسی اہم اسلامی ممالک من جملہ مصر کے ساتھ تعلقات میں فروغ پر مبنی تھی، لہذا امید کی جاتی ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے اپنے ملک اور ملت کی بھلائی کے لئے جو کام شروع کیا تھا اسے سنجیدگی سے جاری رکھا جائے اور نتیجے تک پہنچایا جائے۔
مصر کے وزیر خارجہ نے بھی اس موقع پر صدر رئیسی اور وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کی شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ یہ سفر بہتر موقع پر انجام پاتا لیکن ایرانی عوام اور حکومت کو اس موقع پر تعزیت پیش کرنا انتہائی ضروری تھا۔
مصر کے وزیر خارجہ نے شہید ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان سے اپنے مسلسل اور جامع مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم نتائج کے حصول تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔