اسلام آباد/ ارنا- پاکستان کی وزارت خارجہ نے کرغیزستان کے ناظم الامور کو طلب کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق، گزشتہ رات بشکیک میں پاکستانی طلبا پر تشدد کے خلاف سخت بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ میں ایکو اور وسطی ایشیا کے امور کے ذمہ دار نے کرغزستان کے ناظم الامور کو طلب کرلیا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس سلسلے کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد دنیا بھر میں اپنے شہریوں کی حفاظت کے معاملے پر انتہائی سنجیدہ ہے اور ان کی خوشحالی کے لئے ضروری اقدامات پر زور دیتا ہے۔

وزارت خارجہ پاکستان نے کرغزستان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بشکک میں موجود پاکستانی شہریوں اور طلبا کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق، کرغزستان کے اعلی حکام نے گزشتہ رات پاکستانی شہریوں پر تشدد کے لئے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان حادثات میں ملوث افراد سے نمٹنے اور ضروری تحقیقات انجام دینے کی ضمانت فراہم کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رات کرغیز اور پاکستانی طلبا کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد پاکستانی طلبا کو اپنی رہائشگاہوں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی۔

بعض رپورٹوں کے مطابق، اس وقت کرغزستان میں ایک ہزار سے زیادہ پاکستانی طلبا اور طالبات زیر تعلیم ہیں۔