البیان اخبار کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں جمہوریہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی طرف سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے بیان کے مطابق بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرارادایں فلسطینی عوام کو اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کی اجازت دیتی ہیں، جن میں اپنے آبائی علاقوں کو واپسی، حق خوداردیت، اور4 جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہوگا۔
57 مسلم ممالک پر مشتمل اس تنظیم نے ایک بار پھر دنیا کے ان تمام ممالک سے کہا جنہوں نے ابھی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا جلد اعلان کریں تاکہ سرزمین فلسطین پر اسرائيل کے غاصبانہ قبضے کا خاتمہ اور علاقے میں امن استحکام کے قیام کا راستہ ہموار ہوسکے۔
ریپبلک آف ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے جمعرات کو اس ملک کی وزراء کونسل کے ایک فیصلے کے مطابق فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیا ہے۔
ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کی حکومت کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ایک منصفانہ اور اخلاقی معاملہ ہے اور یہ فلسطینی عوام کے جائز مطالبات اور ان کی حمایت کا آئينہ دار ہے۔
اس سے قبل جمائیکا اور بارباڈوس نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔