ارنا کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی شرکت سے ایک نشست میں صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گيا۔
اس رپورٹ کے مطابق اس نشست میں پاکستان کے داخلہ سیکریٹری خرم آغا، اسلامی جمہوریہ ایران کی سیکورٹی اینڈ انٹیلیجنس پولیس کے رابطہ افسر امید سروری اوراسلام آباد میں ایران کے قونصلر جنرل حسام خاتمی نے بھی شرکت کی۔
نشست میں پاکستان کے وفاقی وزير داخلہ سید محسن رضا نقوی نے صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے مجوزہ دورہ اسلام آباد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر محترم کے استقبال کی سبھی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور پاکستان کی حکومت اس دورے کو کامیاب بنانے پر مصمم ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ اس نشست ميں ایران اور پاکستان، دونوں ملکوں کے باہمی روابط کی تازہ ترین صورتحال، سیکورٹی تعاون کی تقویت، مشترکہ سرحدوں پر تجارتی سہولیات بڑھانے، سرحدوں پر تجارتی نقل و حمل کو آسان بنانے، دونوں ملکوں کے درمیان کسٹم کے معاملات میں نرمی، قانونی مسائل کو حل کرنے اور سمجھوتوں پر عمل درآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اس نشست میں کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران تہران اور اسلام آباد کے درمیان سیکورٹی معاہدے پر دستخط ہوئے جس کی ایرانی پارلیمنٹ توثیق کرچکی ہے اور ہم پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے بھی اس کی توثیق کے منتظر ہیں۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اس نشست میں، صدرایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر ایک دوسے کے قیدیوں کی رہائی سے متعلق مسائل کا جائزہ لئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی ایران اور پاکستان کے سیکورٹی معاہدے کی بہت جلد توثیق کردے گی۔
نشست میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کراچی میں ایرانی قیدیوں کے عدالتی معاملات تیز رفتاری سے نمٹائے جانے اور قونصلر سیکشن سے متعلق بعض مسائل کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جہموریہ ایران پاکستان کے ساتھ، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم، شہریوں کی غیر قانونی رفت وآمد کی روک تھام، منظم جرائم کے مقابلے نیز انٹیلیجنس تعاون سمیت سیکورٹی کے شعبے میں ہمہ گیر تعاون کے لئے تیار ہے۔
اسلام آباد میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کی وزارت داخلہ تہران میں گیارھویں مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کی میزبانی کے لئے تیار ہے ۔
انھوں نے ایران پاکستان مشترکہ سرحدی کمیشن کے احیا کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھی اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ پاکستان صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے استقبال کے لئے پوری طرح تیار ہے۔