ارنا کے مطابق صدرمملکت سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفون پر گفتگو میں انہیں ، ان کے فرزندوں کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔
صدر ایران نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے نے استقامتی محاذ کے مقابلے میں وحشی اور بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی عاجزی اور لاچاری کو پہلے سے زیادہ عیاں کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے دفاع کے دعویدار صیہونی حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی اور بزدلانہ حمایت سے، غاصب اور منفور صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
صدر ایران نے اس دردناک مصیبت پر حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ کے صبر اور فداکاری کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کے لیڈران آزادی قدس کی راہ میں فداکاری میں اپنی قوم کے ہمراہ پہلی صف میں ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ وہ خدا وند عالم سے شہیدوں کے لئے درجات کی بلندی اور فلسطینی قوم کے لئے، آزادی قدس کی مقدس اور نورانی راہ میں استقامت اور ثابت قدمی کی دعا کرتے ہیں۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے صدر ایران کے ٹیلیفون اور اظہار ہمدردی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس خون سے ہم اپنی قوم کے لئے امید اور روشن مستقبل کی تعمیر کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ رہبران استقامت کے فرزندوں کو نشانہ بناکر ہمارے اور ہماری قوم کے عزم و ارادے کو کمزور کرسکتا ہے لیکن اس کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ خون راہ استقامت میں ہمیں زیادہ استوار اور محکم ترکررہے ہیں۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے کہا کہ قدس شریف اور قبلہ اول مسجد الاقصی کی آزادی کی راہ میں نہ ہمارا عزم کمزور ہوگا اور نہ ہی ہم کبھی اس سے پیچھے ہٹیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے فرزندوں کا خون قدس شریف اور قبلہ اول مسجد الاقصی کی راہ میں ہدیہ ہے ۔