چابہار- ارنا – ایران کے محکمہ جہازرانی اور نیویگیش کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا ہے  کہ  21 مارچ 2023 کو شروع ہوکر 20 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے ہجری شمسی سال میں اس سے پہلے کے سال کے مقابلے میں چابہار بندرگاہ پر کنٹینروں کو اتارنے اور روانہ کرنے  کی فعالیت میں 155 فیصد اضافہ ہوا ہے۔   

 ارنا کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے محکمہ جہازرانی   وبندرگاہ کے اعلی عہدیدار ناصر روان بخش نے پیر 8 اپریل کو 20 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے گزشتہ ہجری شمسی سال کے دوران چابہار بندرگاہ پر کنٹینروں کی لوڈنگ اور ڈی لوڈنگ کی رپورٹ پیش کی ۔

 انھوں نے بتایا کہ چابہار بندرگاہ سے چین،  ہندوستان اور متحدہ عرب امارات  سےبراہ راست جہازوں کی آمد ورفت شروع ہونے اور اسی طرح چابہار بندرگاہ سے ملک کی دیگر بندرگاہوں کے لئے ٹرانشپ  سروس شروع ہونے کے بعد، اس  بندرگاہ کی کنٹینر سروسز میں تیزرفتار ترقی ہوئی اور گزشتہ ایرانی سال  میں   اس سے پہلے کے سال کے مقابلے میں اس میں 155 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔   

  انھوں نے بتایا کہ چابہار بندرگا ہ سے ملک کی دیگر بندرگاہوں کے لئے ٹرانشپ سروس جنوری 2024 میں شروع ہوئی اور دو مہینے میں اس بندرگاہ  اور ملک کی دیگر بندرگاہوں کے درمیان 8 ہزار سے زائد کنٹینروں کی ٹرانشپ انجام پائی۔