تہران – ارنا – رہبر انقلاب اسلامی نے شام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کونسلیٹ پر صیہونی حکومت کے حملے اور جنرل زاہدی اور ان کے  رفقائے مجاہدت کی شہادت پر تعزیتی پیغام میں فرمایا ہے کہ غاصب اور منفور صیہونی حکومت کو اس جرم پر پشیمان کردیں گے۔

ارنا کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غاصب اور منفور صیہونی حکومت کے حملے میں  سردار رشید اسلام جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے چند رفقائے مجاہدت کی  شہادت پر اپنے پیغام میں  فرمایا ہے کہ خدا کی نصرت اور قوت سے صیہونیوں کو اس جرم پر پشیمان کردیں گے۔

 رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیغام کا متن

بسم اللہ الرّحمن الرّحیم  

    غاصب اور منفور صیہونی حکومت کے حملے میں سردار رشید و فداکار اسلام، جنرل محمد رضا زاہدی اپنے رفیق مجاہدت سردار محمد ہادی حاج رحیمی کے ہمراہ  شہید ہوگئے ۔ ان پر اور اس واقعے میں درجہ شہادت پر فائز ہونے والے دیگر شہدا پر سلام اور خدا نیز اولیائے خدا کی رحمتیں اور ظالم و جارح صیہونی حکام پر لعنتیں اور نفرتیں ہوں

 ہمارے شہیدوں نے اپنے خدائے مہربان سے اپنی طولانی مجاہدت کی قبولیت کی سند حاصل کرلی اور اس وقت ان اولیاء و صالحین کے ساتھ ہیں جو الہی نعمتوں سے بہرہ مند ہیں۔

 جنرل زاہدی، سن اسّی کے عشرے سے مجاہدت اور خطرات کے میدان میں شہادت کے منتظر تھے۔ انھوں نے کچھ کھویا نہیں ہے بلکہ اپنا انعام حاصل کرلیا لیکن ان کی جدائی ایرانی عوام، بالخصوص ان لوگوں کے لئے جو انہیں پہنچانتے تھے، بہت سخت ہے۔

  ہمارے غیور سپاہی اس خبیث حکومت کو سزا دیں گے اور خدا کی  نصرت و قوت سے اس جرم اور ایسے ہی دیگر جرائم پر اس کو پشیمان کردیں گے۔

والسلام علی عباداللہ الصالحین

سید علی خامنہ ای