تہران – ارنا – شام میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے خبر دار کیا ہے کہ ہم غاصب صیہونی حکومت کے حملے  کا ویسا ہی جواب دیں گے اور اس کے وقت کا انتخاب ہم خود کریں گے۔

 ارنا کے مطابق شام میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین اکبری نے اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر لکھا  ہے کہ صیہونیوں نے انتہائی حیوانیت کا مظاہرہ اور تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے، میری رہائشگاہ اور ہمارے سفارت خانے کی کونسلیٹ کی عمارت پر حملہ کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی اتاشیوں کو شہید کیا ہے۔

شام میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہم وقت پر جس کا انتخاب ہم خود کریں گے، اس کے حملے کا ویسا ہی جواب دیں گے۔   

یاد رہے کہ شام کے میڈیا ذرائع نے پیر کی شام خبردی تھی کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مقبوضہ جولان سے اڑان  بھری اور دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کی کونسلیٹ کی عمارت پر حملہ کیا۔

اسی سلسلے میں  سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی  پیر کی رات ایک اعلامیہ جاری کرکے بتایا ہے کہ   فلسطین کی تحریک مزاحمت اور غزہ کے عوام کی استقامت کے مقابلے میں بھیڑیا صفت صیہونی حکومت کی ناقابل تلافی شکستوں اورعلاقے  کے استقامتی محاذ کے فولادی ارادوں  کے  سامنے  ذلت آمیز رسوائيوں  کے بعد جعلی صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے  پیر کی شام دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کونسلیٹ کی عمارت پر میزائل سے حملہ کیا جس میں شام میں متعین ایران کے فوجی مشیر، سرداران مدافعین حرم بریگیڈیئر محمد رضا زاہدی اور بریگیڈیئر محمد ہادی حاجی رحیمی اپنے ساتھی پانچ افسران کے ہمراہ درجہ شہادت  پر فائز ہوگئے۔

 اسلامی جمہوریہ  ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ  ایران صیہونی حکومت کے اس دہشت گردانہ حملے کے جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے اور غاصب صیہونی حکومت کی اس دہشت گردانہ جارحیت پر مناسب ردعمل اور  ‎سزا دینے  کا فیصلہ کرے گا۔