تہران – ارنا- چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ووکیان نے کہا ہے کہ ایران، چین اور روس کی حالیہ مشترکہ بحری مشقوں نے تینوں ملکوں کے باہمی تعاون کو بڑھا دیا ہے۔

 ارنا  نے اسپوتنک نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان  نے جمعے کو کہا کہ ایران، چین اور روس کی بحریہ کی مشترکہ مشقیں علاقے  کے بحری سلامتی کے لئے اہم ہیں ۔

 انھوں نے کہا کہ تہران، بیجنگ اور ماسکو اب تک متعدد مشترکہ بحری مشقیں انجام دے چکے ہیں جو علاقے کی بحری سلامتی میں تینوں ملکوں کے تعاون کی تقویت کے نقطہ نگاہ سے اہم ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بیان ایسی حالت میں  دیا ہے  کہ اسلامی جمہوریہ ایران، چین اور روس کی بحری افواج نے 11 سے 15 مارچ تک " سمندری سیکورٹی بیلٹ 2024 " کے نام سے بحر ہند اور بحیرہ عمان میں مشترکہ مشقیں انجام دی تھیں۔

اس سے پہلے  روس کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ یہ مشقیں خطے میں تجارتی جہازرانی کی سیکورٹی بڑھانے کے مقصد سے انجام دی گئيں اور ان کے دوران ایک جہاز کو سمندری ڈاکؤوں کے قبضے سے آزاد کرایا گیا۔  

 قابل ذکر ہے کہ "  سمندری سیکورٹی بیلٹ 2024" کے  زير عنوان  اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ بحری مشقیں "امن و سیکورٹی کے لئے اتحاد" کے سلوگن کے ساتھ شمالی بحرہند اور بحیرہ عمان کے 17 ہزار مربع کلومیٹر  علاقے میں  انجام پائيں ۔

لیبلز