ارنا کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل اور ان کے ہمراہ ایران کے دورے پر آنے والے وفد سے ملاقات میں مزاحمتی فورسز اور غزہ کے عوام کو اس لمحے تک میدان جنگ کا فاتح قرار دیا اور کہا کہ چھے مہینے کی اس جنگ میں غزہ اور فلسطین کے عوام کی عزت و استقامت کا اوج اور صیہونی حکومت کی شکست، ایسا واقعہ ہے جسکے پیچھے اللہ کا ہاتھ ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے عوام کے قتل عام کے دوران صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اپنے تمام تر جنگي وسائل اور دنیا کی ظالم طاقتوں کی بھرپور پشت پناہی کے باوجود عورتوں اور بچوں کا قتل عام کر رہی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حکومت مزاحمتی فورسز کا مقابلہ کرنے اور انھیں شکست دینے کی طاقت نہیں رکھتی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سکریٹری جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے آپ غزہ کے عوام کی حتمی فتح کا مشاہدہ کریں گے۔
اس ملاقات میں فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطین کی مسلسل حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ در حقیقت واقعۂ کربلا کا اعادہ ہے اور تمام تر سختیوں اور سازشوں کے باوجود غزہ کے عوام نے مزاحمتی فورسز کے ساتھ مل کر اپنی بے نظیر استقامت کے ذریعے مزاحمت کو ختم کرنے کے امریکا، صیہونی حکومت اور ان کے حامیوں کے منصوبوں کو مٹی میں ملا دیا ہے۔
انھوں نے تمام مزاحمتی فورسز خاص طور پر حماس اور جہاد اسلامی کے درمیان مکمل ہماہنگي پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام اور مزاحمتی فورسز حتمی فتح تک ڈٹے رہنے کا عزم رکھتی ہیں اور خداوند عالم کے لطف و کرم سے حتمی فتح بہت جلد حاصل ہوگي۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 26 مارچ کو فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی اپنے وفد کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی تھی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسماعیل ہنیہ سے ملاقات میں بھی فرمایا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی کسی بھی طرح کی حمایت میں ہرگز دریغ نہیں کرے گا۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اور جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل ایسی حالت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر آئے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے چند روز قبل ہی غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد پاس کی ہے۔