فلسطین کے استقامتی گروہوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے دنیا کے بیدار ضمیر انسانوں سے اپیل کی ہے کہ "عالمی طوفان رمضان" کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔ اس بیان میں آیا ہے کہ یہ تحریک فلسطینی کاز کی حمایت میں ایک باضابطہ، عوامی اور عالمی تحریک ہوگی جسے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔
استقامتی گروہوں کے مشترکہ بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ یہ تحریک غاصب افواج کی جارحیتوں کے مقابلے، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے اور صیہونیوں کی تمام سازشوں کو بے اثر بنانے کے لئے شروع کی جائے گی۔
فلسطین کے استقامتی گروہوں نے "عالمی طوفان رمضان" کے تحت غاصب صیہونیوں کے خلاف ہر ممکنہ پابندی، صیہونیوں تک پہنچنے والی ہر قسم کی مدد کو منقطع اور تمام ممالک کے دارالحکومتوں اور شہروں میں مظاہروں، احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔