تہران/ ارنا- ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ پیرحسین کولیوند نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں تک امداد پہنچانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ سردار شاہد احمد لغاری کو پیغام دیا ہے کہ ایران کی ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں پاکستان کے گوادر میں سیلاب سے متاثرین تک فوری امداد اور طبی خدمات پہنچـانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سیلاب کی شدید تباہ کاری پر افسوس اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے گوادر علاقے میں سیلابی بارشوں کے نتیجے میں شہر کے مختلف حصوں من جملہ شاہراہوں، رہائشی علاقوں، زرعی زمینوں اور دیگر علاقوں میں پانی بھر آیا ہے۔

بلوچستان کے سنیٹر کودا بابر نے بھی گوادر کی صورتحال کو المناک قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے عوام کو بچانے کے لئے فوری اقدامات انجام دینے کی اپیل کی۔