تہران-ارنا- حماس نے ایک بیان جاری کرکے غزہ میں صیہونی جرائم اور امریکی حمایت کی مخالفت میں خود سوزی کرنے والے امریکی پائلٹ ایرون بوشنل کے اہل خانہ اور دوستوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امریکی فوجی نے اپنا نام ہمیشہ کے لئے زندہ کر دیا ہے۔

حماس کے بیان میں کہا گيا ہے : ہم حماس کی طرف سے امریکی پائلٹ ایرون بوشنل کے اہل خانہ اور دوستوں کی دل کی گہرائيوں سے تعزیت پیش کرتے ہيں جنہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں اور امریکہ کی ظالمانہ پالیسیوں کی مخالفت میں اپنا نام ہمیشہ کے لئے زندہ کر دیا۔

حماس کے بیان میں کہا گيا ہے: اس امریکی فوجی نے بھی امریکی سماجی کارکن رشل کیوری کی طرح اپنی جان قربان کر دی جنہوں نے سن 2003 میں رفح میں ہی جرائم پیشہ صیہونی فوج کے حملے کے روکنے کے لئے بولڈوزر کے سامنے کھڑی ہوئيں اور اپنی جان دے دی۔

حماس نے کہا: بائیڈن حکومت جو فلسطینی عوام کی نسل کشی میں نازی صیہونی حکومت کی حمایت کر رہی ہے، امریکی پائلٹ ایرون بوشنل کی موت کی اصل ذمہ دار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے: بوشنل نے اپنی جان اس لئے دی تاکہ غزہ میں صیہونیوں کی طرف سے جاری نسل کشی اور قتل عام کی طرف عالمی رائے عامہ کی توجہ مبذول کی جائے۔

حماس نے اپنے بیان میں مزيد کہا ہے: ایرون بوشنل کو فلسطینی ہمیشہ ایک ہیرو کی طرح یاد رکھیں گے اور ان کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام اپنی حکومت کی ان پالیسیوں کے کتنے خلاف ہيں جن کے تحت امریکی حکومت فلسطینیوں کے قتل عام میں تعاون کر رہی ہے۔

26فروری کو امریکی فضائیہ کے ایک سابق افسر نے غزہ کے خلاف جنگ اور فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور نسل کشی میں صیہونی حکومت کے ساتھ امریکی تعاون کے خلاف احتجاجاً واشنگٹن میں صیہونی سفارت خانے کے سامنے خود کو آگ لگا لی تھی۔

اس سابق امریکی افسر نے چیخ کر کہا "میں فلسطینی قوم، آزاد فلسطین کے خلاف نسل کشی میں شریک نہیں بنوں گا"

خود سوزی سے پہلے انہوں نے کہا " خود سوزی ایک ہولناک چیز ہے لیکن اتنی نہیں جتنا کہ غزہ میں ہونے والے جرائم ہیں"