ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، یہ دو جہاز جو کہ 67 میٹر لمبے اور 18 میٹر چوڑے ہیں ، ایران کی بحریہ کے تحقیقاتی اور صنعتی مرکز میں تیار کئے گئے ہیں اور ان کی مکمل ڈیزائننگ ایران میں ہی انجام پائی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ان چیف ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے اس بارے مین بتایا کہ یہ دو جہاز، صیاد اور نواب اینٹی ایئرکرافٹ میزائلوں سے لیس ہیں جو کہ بالترتیب طویل اور اوسط دوری تک کے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیٹامیران نوعیت کے ان دو جہازوں کا رینج 9500 کلومیٹر ہے۔ یہ جہاز 32 ناٹیکل مائل یعنی تقریبا 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل سکتے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ کے سربراہ نے بتایا کہ یہ جہاز سمندر سے سمندر پر مار کرنے والے میزائلوں سے لیس ہیں جن کا رینج 700 کلومیٹر ہے۔ اس پر اینٹی ایئرکرافٹ میزائل بھی نصب ہے جس کا رینج 90 کلومیٹر ہے۔
ایڈمیرل تنگسیری نے بتایا کہ بحری جنگی مشن کے لئے یہ جہاز انتہائی مناسب ہیں اور ان پر تین میزائل لانچر بھی نصب کئے جا سکتے ہیں اور ہیلی کاپٹر بھی ان پر اتر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحری نقل و حمل کی حفاظت میں بھی انہیں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جہاز اپنی ڈیزائن کی وجہ سے اسٹیلتھ نوعیت کے ہیں۔