"معا" فلسطینی نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غاصب صیہونی فوج نے 9 بار جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔
مصدقہ رپورٹس کے مطابق، 7 اکتوبر سے اب تک، مجموعی طور پر 28 ہزار 663 فلسطینی غاصب اسرائیلیوں کے حملوں میں شہید اور 68 ہزار 395 زخمی اور معذور ہوچکے ہیں۔
ادھر فلسطین کے سرحدی گزرگاہوں کے ادارے نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی آبادکاروں نے کرم ابوسالم گزرگاہ کو گزشتہ ایک ہفتے سے بند کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں غزہ پہنچنے والے امدادی سامان میں شدید کمی آگئی ہے۔
معا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران محض 20 ٹرک غزہ پٹی میں داخل ہوسکے ہیں۔
ادھر رفح شہر پر صیہونی فوج کی بمباری اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حملوں مین رفح کے النصر محلے میں 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
رفح شہر کے مرکز میں واقع الشابورہ کیمپ میں بھی صیہونیوں نے بمباری کرکے ایک لڑکی، ایک کمسن لڑکے اور ان کی ماں کو شہید کردیا۔
خان یونس شہر میں بھی صیہونی فوجیوں نے بلڈوزر چلا کر ناصر ہسپتال کی باؤنڈری کی دیوار گرادی اور ہسپتال میں موجود قبروں کو بھی تباہ کردیا اور بیماروں اور زخمیوں کو بھی پرانی عمارت میں منتقل کرکے ہسپتال کے مختلف حصوں پر حملے جاری رکھے۔
غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ناصر ہسپتال کے جنیریٹرز کو صیہونیوں نے بند اور بجلی مکمل طور پر کاٹ دی ہے جس کے نتیجے میں متعدد بیمار اور زخمی جن میں کمسن اور نوزائدہ بچے بھی شامل ہیں ایک ایک کرکے شہید ہو رہے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت ناصر ہسپتال کو صیہونیوں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے لہذا وہاں پر موجود بیماروں، زخمیوں اور طبی عملے کی جان کی ذمہ داری غاصب اسرائیلیوں پر ہی عائد ہوتی ہے۔
ادھر شہر غزہ میں بھی صیہونی فوجیوں نے تین فلسطینی شہریوں کو ان کی گاڑی کو نشانہ بناکے شہید کردیا۔ شہر غزہ کے جنوبی علاقوں پر صیہونی فوج کے جیٹ فائٹروں کی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جبالیا کیمپ پر بھی صیہونیوں نے بمباری کی ہے۔
امدادی کارکنوں نے2 شہیدوں کا جسد خاکی ملبے سے نکالا گیا ہے۔
غزہ کے مرکزی علاقوں میں بھی صیہونی فوج کے اسنائپر اس جگہ پر پناہ گزین فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسی علاقے میں واقع النصیرات پر حملہ کرکے صیہونیوں نے 12 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔