تہران – ارنا  - ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے اسٹرائیکر مہدی طارمی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت واجب ہے اور ہم ان سے کہتے ہیں کہ ان سخت حالات میں مضبوط رہیں۔

ارنا کے مطابق  مہدی طارمی نے قطر کے روزنامہ الوطن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو  میں فلسطینی عوام   سے کہتا ہوں کہ مضبوطی کے ساتھ ڈٹے  رہیں۔

 ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور اسٹرائیکر نے کہا کہ ایرانی فٹبال ٹیم کے طرفداروں کی طرف سے فلسطین کی حمایت ضروری ہے، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور موجودہ حالات میں پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ فلسطینی عوام کتنے سخت حالات سے گزر  رہے ہیں۔  

مہدی طارمی نے کہا کہ فلسطین کی قومی فٹبال ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اورسب سے اچھی بات یہ ہے کہ  وہ متحد ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ فلسطین کی ٹیم بہت اچھی ٹیم ہے اور ہم ایشیا کپ  اے ایف سی  میں اس کی کامیابی کی آرزو کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ اے ایف سی میں ایران کا پہلا میچ فلسطین کے ساتھ ہوا تھا ۔ یہ میچ ایران نے چار ایک سے جیت لیا تھا لیکن اس میچ کی سب اہم بات یہ تھی کہ دونوں ٹیموں کے طرفداروں نے میچ شروع ہونے سے پہلے  ایک دوسرے کے پرچم لہرا کر اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ یہ نعرے میچ کے دوران بھی لگتے رہے اور میچ ختم ہونے کے بعد اسٹیڈیم بہت دیر تک تماش بینوں کے اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے  گونجتا رہا۔