ارنا کے مطابق پاکستان کے چیئر مین ہائرایجوکیشن کمیشن مختار احمد پاکستان کی یونیورسٹیوں کے سربراہان اور اساتذہ کا ایک وفد لیکر ایران کے دورے پر آئے ہیں۔
انھوں نے ایران کے ٹیکنالوجی اور ایجادات کے مرکز
( Iran House of Innovation & Technology) کے معائنے کےموقع پرکہا کہ پابندیاں سائنس و ٹیکنالوجی میں ایران کی پیشرفت کا سبب بن گئيں ۔
پاکستان کے چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسی کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اعلان کیا۔
انھوں نے بتایا کہ یہ ان کا ایران کا دوسرا دورہ ہے اور گزشتہ سفر میں انھوں نے ایران کےپردیس پارک آف ٹیکنالوجی اور ہمدان کی بو علی سینا یونیورسٹی کے معائنے میں ایرانی سائنسدانوں اور محققین کی کامیابیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔
پاکستان کے چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن مختار احمد نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو ایک جیسی مشکلات اور چيلنجوں کا سامنا ہے اور یہ مشترکہ مسائل ہمارے روابط میں استحکام اور تعاون میں فروغ کے اسباب فراہم کرسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں دو طرفہ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
مختار احمد نے کہا کہ ہم طلبا اور اساتذہ کے تبادلے اور مشترکہ پروجکٹوں پر کام کرسکتے ہیں۔
پاکستان کے چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ ہمیں دو طرفہ تعاون تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ ہندوستان اور بنگلادیش جیسے ملکوں کو بھی شامل کرکے ہم اپنے تعاوان کا دائرہ وسیع تر سکتے ہیں۔