ارنا نے اسلام آباد میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم کے سیکریٹریٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کرمان میں انجام پانے والے دہشت گردانہ حملے میں انسانی جانیں ضائع ہونے پر ہمیں صدمہ پہنچا ہے۔
پاکستان کے نگران وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے وحشیانہ اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ میں اس سخت موقع پر دہشت گردانہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے پسماندگان کے لئے صبر کی دعا کرتا ہوں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ میں کرمان میں دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتا ہوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انھوں نے کہا ہے کہ آج کے دہشت گردانہ اقدام میں دسیوں بے گناہ انسانوں کے جان سے ہاتھ دھونے پر مجھے صدمہ پہنچا ہے اور میں اس حادثے میں بھینٹ چڑھنے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتا ہوں ۔
راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پارلیمان ان دشوار حالات میں ایران کی قوم اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباسی نے بھی اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے نام پیغام جاری کرکے لکھا ہے کہ پاکستان کرمان میں انجام پانے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے اور ایران کی قوم اور حکومت کو تہہ دل سے تعزیت پیش کرتا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ میں اس حادثے کی بھینٹ چڑھنے والوں کے لواحقین کے لئے دعا گو ہوں اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کرتا ہوں۔
تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر نے بھی اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر ایک پیغام پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ شہر کرمان میں انجام پانے والے اس انتہائی دردناک، وحشیانہ اور دہشت گردانہ اقدام نے مجھے سخت صدمہ پہنچایا ہے۔
تہران میں پاکستان کے سفیر نے لکھا ہے کہ میں ایران کی عظیم قوم کو جو امن و امان کی مخالف قوتوں کے خلاف مجاہدت کررہی ہے، تعزیت پیش کرتا ہوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور حکومت کے ساتھ پاکستان کے عوام اور حکومت کی یک جہتی کا اعلان کرتا ہوں۔