تہران-ارنا- امریکہ کے ایک فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ پنٹاگون نے دو آئرن ڈوم سسٹم 11 مہینے کے لئے اسرائيل کو کرائے پر دیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے  لکھا ہے کہ امریکی فوج کے لاجسٹک عہدیدار ڈگلس بش نے منگل کے روز صحافیوں سے ایک گفتگو میں کہا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے تل ابیب کی اسلحہ جاتی مدد جاری رکھتے ہوئے، اسرائيل کو دو میزائل دفاعی سسٹم کرائے پر دیئے گئے ہیں جنہيں بعد میں خریدنا بھی اس کے لئے ممکن ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ حالانکہ آئرن ڈوم کے لانچنگ سسٹم منتقل کیا جا رہا ہے لیکن میزائل پہلے ہی اسرائيل کو دیئے جا چکے ہيں۔

امریکی فوج کے اس اعلی عہدیدار نے بتایا کہ کرائے پر دینا ہی، اسرائيل تک فوری طور پر یہ دفاعی سسٹم پہنچانے کا واحد راستہ تھا اور اس کرائے کے بدلے رقم کے بارے میں پھر سے فیصلہ کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق، امریکی فوج کو توپ خانہ کے لئے 155 ملی میٹر کے گولوں کی خریداری اور پیداوار بڑھانے کے لئے امریکی کانگریس سے 3.1 ارب ڈالر کے بجٹ کی منظوری کی ضرورت ہے۔ یہ ضرورت اس لئے پڑی کیونکہ یوکرین اور اسرائيل کی مدد کی وجہ سے امریکہ کے ذخیرے خالی ہو رہے ہيں۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے 20 لاکھ سے زائد 155 ملی میٹر کے توپ کے گولے یوکرین کو دیئے ہيں۔

امریکہ نے اسی طرح حماس کے مقابلے میں اسرائيل کی مدد کے لئے بھی اسے گولے دیئے ہيں۔