تہران (ارنا) فلسطینی ذرائع ابلاغ نے منگل کی سہ پہر غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں صیہونی فوج کے 7 ٹینکوں کو تباہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔

شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق، تحریک حماس کے فوجی ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ آج غزہ کی پٹی کے جنوب میں الشاطی کیمپ کے اطراف میں صیہونی فوج کے 2 ٹینکوں کو الیاسین 105 راکٹوں سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق، دن کے آغاز سے اب تک الشاطی کیمپ کے قریب مزاحمت کاروں نے صیہونی حکومت کے 7 ٹینک، ایک عملہ بردار جہاز اور ایک فوجی بلڈوزر تباہ کر دیا ہے۔

صیہونی قیدیوں کےحوالے سے القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے چند روز قبل 12 غیر ملکی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن غاصب حکومت نے اسے روک دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اب بھی اعلان کرتے ہیں کہ ہم ان کی رہائی کے لیے تیار ہیں لیکن زمینی حالات اور صیہونی حکومت کی جارحیت سے ان قیدیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور یہی چیز ہمیں ان کی رہائی کے فیصلے پر عمل درآمد سے روکتی ہے۔

القسام بریگیڈ پہلے بھی کئی صہیونی قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر رہا کر چکی ہے۔