ارنا کے مطابق منگل کو ملک کے حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مندوبین نے حضرت پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اورفرزند رسول حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس موقع پر اپنے خطاب میں غاصب صیہونی حکومت کی کینہ پروری اور بغض کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایسا نہیں ہے کہ صیہونی حکام صرف ہم سے کینہ اور بغض رکھتے ہوں ، بلکہ وہ مصر،عراق، شام اور دیگر ملکوں سے بھی کینہ رکھتے ہیں کیونکہ ان کا ہدف نیل سے فرات تک اپنی حکومت پھیلانا تھا اور یہ نہ ہوسکا۔
آپ نے فرمایا کہ مختلف ادوار میں انہی ملکوں نے صیہونی حکام کا یہ ہدف پورا نہ ہونے دیا اس لئے وہ ان کےلئے بھی کینے اور دشمنی سے لبریز ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ قرآن ان کے لئے فرماتا ہے " قل موتوا بغیظکم " ان سے کہو کہ غصے سے مرجاؤ ۔
آپ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت نیلم سے فرات تک کا اپنا ہدف پورا نہ ہونے کے غم اور غصے سے ختم ہونے والی ہے فرمایا کہ جو حکومتیں اس ناجائز حکومت سے روابط بحال کرنے کا جوا کھیل رہی ہیں، وہ غلطی کررہی ہیں کیونکہ اس جوے میں ان کی ہار یقینی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج فلسطینی تحریک ہمیشہ سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے اور فلسطینی نوجوان ہمیشہ سے زیادہ تیاری کی حالت میں ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اس غاصب حکومت کو سرطانی پھوڑا کہا ہے اور یہ سرطانی پھوڑا فلسطینی عوام اور استقامتی قوتوں کے ہاتھوں ختم ہوکے رہے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آغاز میں فرمایا کہ پیغمبر اعظم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت اور تعلیمات میں بشریت کے سارے مسائل کا حل موجود ہے ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ پیغمبر اعظم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بشریت کے سارے مسائل کا حل پیش کیا ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پوری بشریت عالم ہستی کے اس خورشید تاباں کی مرہون منت ہے۔
آپ نے فرمایا کہ ایک ایک فرد بشر، چاہے وہ آپ کے لائے ہوئے دین پر ایمان رکھتا ہو، یہ نہ رکھتا ہو، سبھی پر پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا احسان ہے اور پوری بشریت آنحضرت کی مرہون منت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں مغرب میں قران کریم کی بے حرمتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کا منصوبہ تیارکرنے والے اپنے ان مجرمانہ اقدامات سے قران کریم کو کمزور نہیں کرسکتے بلکہ اس طرح وہ خود اپنی تباہی و بربادی کا سامان کررہے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ آج اسلام سے دشمنی ہمیشہ سے زیادہ آشکارا ہوچکی ہے اور قرآن کریم کی بے حرمتی جہالت پر مبنی اس دشمنی کا واضح ترین نمونہ ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایک جاہل احمق قرآن کریم کی بے حرمتی کرتا ہے اور ایک حکومت اس کی حمایت کرتی ہے اس سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ مسئلہ صرف قرآن کریم کی بے حرمتی کا نہیں ہے۔
آپ نے فرمایا کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ منہ زور طاقتوں کے اس قسم کے اقدامات اور امریکا کی مداخلت کا مقابلہ کرنے کے لئے بنیادی مسائل میں ایک مشترکہ حکمت عملی اپنائيں
ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu