تہران – ارنا- مشیروزیر خارجہ علی اصغر خاجی نے کہا ہے کہ ہم آرش آئل اینڈ گیس  فیلڈ کا مسئلہ حل کرلیں گے۔

  ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ کے سینیئر مشیر علی اصغر خاجی نے یمن کے المسیرہ ٹی وی سے انٹرویو میں صنعا ریاض مذاکرات اور ایران، سعودی عرب اور کویت کے درمیان واقع آرش آئل اینڈ گیس فیلڈ کے مسئلے پر گفتگو کی ۔

 انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہماری سرحدیں واضح ہیں اور اس مسئلے میں ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

 علی اصغر خاجی نے کہا کہ کویت کے ساتھ بھی ہمارے روابط اچھے ہیں اوراس کے ساتھ  آرش فیلڈ کا مسئلہ پیچیدہ نہیں ہوگا بلکہ قابل حل ہے۔  انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی فیصلوں اور دونوں ملکوں کی تاریخی  پوزیشن کی بنیاد پر، اپنے کویتی دوستوں کے تعاون سے یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گآ۔

 وزیر خارجہ کے سینیئر مشیر نے کہا کہ ہم کئی برس سے اس مسئلے پر کویت کے ساتھ تکنیکی بنیادوں پر مذاکرات کررہے ہیں اور پر امن طور پر اس کو حل کرلیں گے۔

 انھوں نے کہا کہ نہ ہماری نگاہیں کویت کی سرزمین پر ہیں اور نہ ہی کویت کی نگاہیں ہماری سرزمین پر ہیں، ہمارے درمیان کوئي بدنیتی نہیں پائی جاتی اور بین الاقوامی قوانین اور سمجھوتوں کی بنیاد پر اس مسئلے کو حل کریں گے۔

 آرش فیلڈ ایران اور کویت کی مشترکہ آبی سرحد پر واقع ہے ۔ یہ فیلڈ تین ملکوں ، ایران، کویت اور سعودی عرب کے درمیان مشترک ہے

 علی اصغر خاجی نے اس انٹرویو کے ایک دوسرے حصے میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ صنعا اور ریاض کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ عنقریب دوبارہ شروع ہوجائے گا ۔

  انھوں نے کہا کہ ہم یمن کے داخلی امور میں بیرونی افواج کی مداخلت کے مخالف ہیں اور یمنی عوام کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمارے لئے قابل احترام ہوگا اور ہم  اس کو تسلیم کریں گے

 انھوں نے کہا کہ یمن میں بیرونی افواج نے نہ صرف یہ کہ یمنی قوم کی کوئی خدمت نہیں کی ہے بلکہ قتل عام، تباہی اور دہشت گردی کا باعث بنی ہیں، بیرونی فوجیوں کو جلد سے جلد یمن سے نکل جانا چاہئے۔

   وزیر خارجہ کے مشیر نے کہا کہ یمن کی تقسیم کی کوشش میں مصروف قوتوں کو اس سے دستبردار ہوجانا چاہئے  کیونکہ متحدہ یمن ہی یمنی عوام کے فائدے میں ہے ۔

 انھوں  نے  ریاض صنعا مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم موجودہ  حالات کو مناسب نہیں سمجھتے اور سعودی عرب اور یمن کے درمیان جلد مذاکرات شروع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کے داخلی امور میں کسی بھی ملک کی مداخلت جائز نہیں ہے اور اس ملک کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق صرف یمنی عوام  کو ہے اورہم امن مذاکرات میں مدد کے لئے تیار ہیں۔   

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

لیبلز