تہران(ارنا) ایران کے نیشنل کارپٹ سینٹر کے صدر کے مطابق ایران میں ہاتھ سے قالین بُننے والے ہنرمندوں کی تعداد 20لاکھ ہے۔ اسکے علاوہ 191 ہزار سے زائد افراد ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کے 30 ذیلی شعبوں جیسے مرمت، ڈیزائننگ، ڈائنگ، اسپننگ، سیلنگ، اور مرچینٹڈائزنگ میں سرگرم ہیں ۔
ایران کے نیشنل کارپٹ سینٹر کے صدر فرحناز رافع نے مزید بتایا کہ اس وقت تقریباً 7500 افراد آرٹ سینٹر اور یونیورسٹیوں میں قالین سے متعلق ڈیپارٹمنٹس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اس شعبہ میں فارغ التحصیل تقریباً 15000 افراد نے ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی ویلیو چین بنائی ہے۔ فرحناز رافع کے مطابق یہ کمیونٹی کا تقریباً آٹھواں حصہ بنتے ہیں جن کی معاش اور معیشت ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں پر مبنی ہے۔
ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کی معیشت دیہی ہے اور مشرقی آذربائیجان، اصفہان اور خراسان سمیت 31 صوبے اس صنعت سے وابستہ ہیں۔
ان کے مطابق، ہاتھ سے بُننے والے قالین کے ہنرمندوں میں تقریباً 90 فیصد خواتین ہیں اور اس شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والی 70 فیصد بھی خواتین ہیں۔
قالین ایک اسٹریٹیجک پروڈکٹ ہے کیونکہ اس صنعت میں زیادہ منافع اور زرمبادلہ ہوتا ہے اور ملک کے دور دراز علاقوں میں سب سے کم لاگت کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ اگر تعاون کیا جائے تو یہ صنعت قومی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
فرحناز رافع نے بتایا کہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی 30ویں بین الاقوامی نمائش 29 ۔23 اگست کو تہران میں انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک ہو گی .
اس ایگزیبیشن میں شرکت کے لئےاب تک 350 پروڈیوسرز اور ایکسپورٹرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔