بیرجند، ارنا – ایران میں تعینات کرغزستان کے سفیر نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں براہ راست سرمایہ کاری میں ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

یہ بات تورداکن سی دیکف نے ہفتہ کے روز صوبے جنوبی خراسان کے گورنر کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ہائیڈرو پاور پلانٹس، سڑکوں، صنعتی اور تعمیراتی شعبوں، تبدیلی کی صنعتوں، زراعت، صحت اور سیاحت میں ہو سکتی ہے۔
سی دیکف نے کہا کہ کرغزستان کے حکام سیاحوں اور تاجروں کو جذب کرنے میں مدد کریں گے اور بشکیک ایرانی تاجروں کو ویزا کی خصوصی سہولیات فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے ایرانی شہریوں اور تجارتی وفود کو مشہد اور بشکیک کے درمیان دو مہینے کا ویزہ فراہم کیا جاتا ہے۔
کرغز سفیر نے کہا کہ حکام تہران-بشکیک پروازوں کے لیے زمین ہموار کرنے کے لیے ہم آہنگی کر رہے ہیں، کرغیز حکام نے ایران ایئر کمپنی کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرغیز حکومت غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری میں آسانی پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25  سال قبل ایران اور کرغزستان نے باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور تعاون کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے، اس لیے تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے جنوبی خراسان صوبے کے تاجروں اور نمائندوں کو مزید دعوت دی کہ وہ کرغزستان کا دورہ کریں اور بشکیک میں 8 اور 9 دسمبر کو ہونے والے سرمایہ کاری سیمینار میں شرکت کریں۔
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu