تہران/ ارنا- یوم مسلح افواج کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ادارہ اطلاعات کے نائب سربراہ جنرل سید حسن ابوترابی نے امام خمینی کے حکم پر فوج کی تشکیل کی یاد تازہ کی۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ملک کے تمام صوبوں میں فوجی پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم مسلح افواج کے موقع پر فوج کے جوانوں کے ہاتھوں تیار شدہ ہتھیاروں، ڈرون طیاروں ، میزائلوں اور فضائی، بحری اور برّی فوج میں استعمال ہونے والی تازہ ترین ٹیکنالوجی کے نمونوں کی نمائش بھی کی جائے گی۔

جنرل ابوترابی نے بتایا کہ یوم مسلح افواج کے موقع پر سیاسی اور فوجی قیادت برّی، بحری، فضائی اور فضائی دفاع فورس کے جوانوں کی پریڈ کا معائنہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یوم مسلح افواج کے موقع پر خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج سپریم کمانڈر رہبر انقلاب اسلامی کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اسلامی انقلاب اور ملک کی ارضی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔