تہران – ارنا – لبنان کے ابلاغیاتی ذرائع نے جنوبی لبنان پر غاصب صیہونی  حکومت کے فضائی حملے میں 4  شہریوں کے شہید اور 10 کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

 ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان کے تولین علاقے پر فضائی حملہ کرکے 4 لبنانیوں کو شہید کردیا۔

 لبنان کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ تولین پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 اس سے پہلے لبنان کے محکمہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ جنوبی لبنان کے قصبے کفر کلا پر صیہونی حکومت کے حملے میں کم سے کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے  آج اسی طرح جنوبی لبنان کے جبل الجبور، الخربیہ، اور کفر حونہ قصبے کے مضافات پر بھی حملہ کیا ہے۔

 غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے آج ایک بیان میں یہ دعوی کرتے ہوئے کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین پر راکٹ داغا ہے، اعلان کیا ہے کہ اس نے  جنوبی لبنان کے بعض علاقوں پر حملہ کیا ہے۔

  یہ ایسی حالت میں ہے کہ  حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرکے جنوبی لبنان سے مقبوضہ فلسطین پر راکٹ داغے جانے میں اپنی  کسی بھی قسم کی مداخلت کی تردید کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ دشمن کا دعوی لبنان پر حملے جاری رکھنے کے بہانے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے جبکہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اس کے حملے رکے نہیں ہیں۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی پابند اور حکومت لبنان کی حامی ہے۔