تہران – ارنا-  قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے  مطالبہ کیا کہ صیہونی حکومت کو ایٹمی  اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی میں شامل کیا جائے اور اس کی ایٹمی تنصیبات پر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی نگرانی ہو

ارنا نے صیہونیوں کی آرتھوڈاکس حریدی تحریک سے وابستہ ایک میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ قطر کی وزارت خارجہ نے باضابطہ بیان جاری کرکے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونی حکومت کو این پی ٹی میں شامل کیا جائے اور اس کی ایٹمی تنصیبات پر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کی نگرانی ہو۔

 اس رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی سبھی ایٹمی تنصیبات پر ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سیف گارڈ سسٹم کی نگرانی اورخود اس حکومت کو این پی ٹی میں شامل کرنے کے لئے بین الاقوامی کوششیں بڑھادینے کی ضرورت ہے۔

 قطر کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں قطر کے سفیر جاسم یعقوب الحمادی نے کہا ہے کہ  ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بین الاقوامی برادری اور اس سے وابستہ سبھی اداروں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنے فرائض پر عمل کرنا چاہئے۔