نیویارک/ ارنا- امریکہ میں ہونے والے تازہ سروے کے نتیجے سے پتہ چلا ہے کہ امریکی شہریوں کی اکثریت نئے صدر کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ اور ایپسس کے مشترکہ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکیوں کی صرف 45 فیصد آبادی ٹرمپ کی پوری شدت سے یا کسی حد تک حامی رہ گئی ہے۔

سروے کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ 53 فیصد امریکی شہری 20 جنوری کو بر سر اقتدار آنے والے ڈانلڈ ٹرمپ سے ناراض اور ان کے اقدامات کے مخالف ہیں۔

سروے میں شامل 57 فیصد شرکا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے، کیونکہ انہوں نے فیڈرل حکومت کے اختیارات پر دراندازی کرتے ہوئے ان مراکز کو نشانہ بنایا جنہیں ایوان نمائندگان نے خودمختاری دی ہوئی ہے۔

صرف 40 فیصد امریکی یہ سمجھتے ہیں کہ نئے صدر امریکی آئین میں طے شدہ حدود کے پابند رہے ہیں۔

سروے میں شامل زیادہ تر شرکا کا کہنا ہے کہ ری پبلیکن پارٹی ٹرمپ کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کرے گی۔

صرف 33 فیصد کا خیال تھا کہ ری پبلیکن پارٹی ٹرمپ کے مدمقابل آئے گی۔

56 فیصد امریکی یہ سمجھتے ہیں امریکہ کی عدالت عالیہ امریکی صدر کو روکنے کی کوشش کرے گی۔

سروے کے مطابق، صرف 7 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمت مناسب یا اچھی ہے اور صرف 22 فیصد گیس اور ایندھن کی قیمتوں سے خوش ہیں۔