تہران/ ارنا- صیہونی فوج کے ریڈیو نے شام کی سرزمین پر طویل المدت قبضے پر مبنی اپنی سازش کا اعلان کیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوج کے ریڈیو نے اعلان کیا ہے کہ شام کے اندر مکمل طور پر خفیہ ہائی سیکورٹی علاقہ قائم کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، شام میں صیہونیوں کی موجودگی اب عارضی نہیں ہوگی بلکہ 9 فوجی چھاؤنیاں اس ہائی سیکورٹی علاقے میں تعمیر کی جائیں گی۔

صیہونی فوج کے ریڈیو نے کہا ہے کہ پلاننگ کے مطابق، اسرائیل 2025 کے دوران شام میں رہنے کی تیاری مکمل کر چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس وقت 3 فوجی بریگیڈ نئے مقبوضہ علاقوں میں موجود ہیں جبکہ اس سے قبل صرف ڈیڑھ بریگیڈ اس علاقے میں تعینات تھے۔

یاد رہے کہ بشار اسد کی حکومت کے خاتمے کے فورا بعد، صیہونیوں نے نہ صرف شام کے مختلف علاقوں من جملہ دمشق اور تمام بڑے چھوٹے شہروں کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا بلکہ شام کے جنوب مغربی علاقوں پر دیدہ دلیری کے ساتھ قبضہ کرلیا۔

صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے اس وقت دعوی کیا تھا کہ بشار اسد کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ شام اور صیہونی حکومت کے مابین انفصال معاہدہ بھی منسوخ ہوگیا ہے جس کے فورا بعد جبل الشیخ پر صیہونیوں نے مکمل طور پر قبضہ کرلیا۔