تہران – ارنا – بین الاقوامی فوجداری عدالت نے امریکی حکومت کی جانب سے پابندیوں کے اعلان کے جواب میں دنیا میں عدل و انصاف کے نفاذ کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے

ارنا کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت  نے ایک بیان جاری کرکےامریکی صدر ٹرمپ کے اس صدارتی فرمان کی مذمت کی ہے جس کے ذریعے انھوں نے اس  عالمی عدالت کے  کارکنوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

   بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت امریکی صدر کے اس فرمان کی سخت مذمت کرتی ہے جس کا مقصد، عدالت کے کارکنوں پر پابندی لگانا اور غیرجانبداری نیز آزادانہ عدالتی عمل کو نقصان پہنچانا ہے۔

 بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا میں عدل و انصاف کے نفاذ کا سلسلہ جاری رکھنے کی پابند ہے۔

  بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے مذکورہ صدارتی فرمان کا مقصد عدالت کی کارکردگی کو کمزور کرنا ہے لہذا یہ عدالت اپنے رکن 125 ملکوں سے اپیل کرتی ہے کہ عدل و انصاف اور انسانی حقوق کی حمایت میں متحد ہوجائيں۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ محکم انداز میں اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور خود کو پوری دنیا  میں عدل و انصاف کے نفاذ اور ظلم و بے انصافی کی بھینٹ چڑھنے والے دسیوں لاکھ انسانوں کے دلوں میں  انصاف کی امید باقی رکھنے کی پابند سمجھتی ہے۔