تہران/ ارنا- حزب اللہ لبنان نے پیر کے روز غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی استقامتی گروہوں کی کامیابی کی مناسبت سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں فلسطینی عوام اور مجاہدوں کو اس بڑی جیت پر مبارکباد پیش کی۔

حزب اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ 15 مہینے کی مثالی استقامت نے فلسطین کے دلیر عوام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جو کہ لائق تحسین ہے۔

حزب اللہ نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات ثابت ہوگئی کہ غاصبوں اور ان کی سازشوں کے مقابلے کا واحد راستہ استقامت ہے۔

حزب اللہ نے فلسطین کی اس کامیابی کو صیہونی دشمن اور اس کے حامیوں کی اسٹریٹیجک شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ تسلط پسندی اور قوموں کے فیصلوں کو نظرانداز اور انہیں کچلنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔

حزب اللہ کے بیان میں غزہ میں جنگ بندی کو استقامتی محاذ اور فلسطینی عوام کی ایک سیاسی جیت بھی قرار دیا کہ جس سے ثابت ہوگیا کہ فلسطینی عوام کی استقامت کے سامنے صیہونی دشمن اپنا ایک بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا۔

حزب اللہ نے صیہونی حکومت کو ایک کمزور نظام قرار دیا جو اپنے وجود کو نہیں بچا سکتا اور اپنی بقا کی ضمانت بھی فراہم نہیں کرسکتا۔

حزب اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ استقامت، فلسطینی بچوں، مرد، عورتوں اور بڑے بوڑھوں اور اسماعیل ہنیہ اور یحیی سنوار جیسے شہیدوں کا خون رنگ لایا اور دشمنوں کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو ناکام بنادیا اور یہی خون قطعی کامیابی اور آزادی کے حصول تک امت اسلامیہ کے لیے مشعل راہ بنا رہے گا۔

لبنان کی استقامتی تنظیم کے بیان میں درج ہے کہ اس بڑی کامیابی پر کہ جس کی راہ میں سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین اور متعدد کمانڈروں اور مجاہدوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، حزب اللہ کو فخر ہے۔