تہران/ ارنا- وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے حماس تحریک کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، غزہ کے حالات کا جائزہ لیا اور فلسطینی عوام کی استقامت کے حق پر زور دیا۔

سید عباس عراقچی نے خلیل الحیہ کو فلسطینی استقامت اور عوام کی کامیابی اور صیہونیوں کی نسل کشی اور بہیمانہ جرائم کے سامنے تاریخی استقامت پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے 15 مہینے تک جاری مزاحمت میں غاصب دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے پر مجبور کردیا۔

وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ فلسطینی کاز اور استقامتی محاذ کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی موقف ہے جو ہر حال میں جاری رہے گی۔

حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے بھی جنگ بندی کے مذاکرات اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال سے سید عباس عراقچی کو آگاہ کیا۔

انہوں نے رہبر انقلاب، حکومت اور ایرانی عوام کی حمایتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان، یمن اور عراق کی حمایتوں کو فلسطینیوں کی کامیابی میں مؤثر قرار دیا اور زور دیکر کہا کہ فلسطین کے مضبوط اور شجاع عوام نے یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور اپنے تمام حقوق کی بازیابی تک جد و جہد جاری رکھیں گے۔