تہران – ارنا – سنیچر کو غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں 38 فلسطینی شہید ہوگئے

 ارنا نے فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں 43 ہزار 922 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 3 ہزار 898 زخمی ہوچکے ہیں۔

ارنا کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے حماس کے اپریشن طوفان الاقصی میں اپنی نا قابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطنی عوام سے لینے کے لئے غزہ پرتباہ کن وحشیانہ حملے شروع کئے اور گزشتہ تقریبا چودہ ماہ میں اس نے غزہ کا بنیادی ڈھانچہ، لوگوں کے گھر ، اسپتال، اسکول اور سبھی بنیادی شہیر تنصیبات تباہ کردیں اور اس وقت غزہ میں المناک ترین انسانی بحران کا سامنا ہے۔

غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے صرف غزہ تک محدود نہیں رہے بلکہ اس کی وحشیانہ جارحیتوں کا دائرہ غرب اردن، بیت المقدس ، لبنان اور مشرق وسطی کے دیگر علاقوں تک پھیل گیا اور ان دہشت گردانہ جارحیتوں میں غاصب حکومت کو امریکا اور اس کے دیگر اتحادیوں کی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے۔

لیکن گزشتہ چودہ مہینے سے جاری   ان تمام تر وحشیانہ حملوں، دہشت گردی، جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم نیز مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کے باوجود خود غاصب صیہونیوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا ایک بھی مقصد پورا نہیں ہوا ہے۔