یہ بات ایران کے نائب وزیر دفاع بریگيڈیئر جنرل جحت اللہ قریشی نے جمعرات کی شب پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے پر ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ایران اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے اعلیٰ ترین سطح پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر وفود کے تبادلے بھی جاری ہیں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی اور سیکورٹی تعاون بھی کر رہے ہیں۔
بریگيڈیئر جنرل حجت اللہ قریشی نے بتایا کہ ان کے موجودہ دورے کا مقصد ایران پاکستان تعاون کو مضبوط بنانا ہے، خاص طور پر دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے رواں ماہ نومبر کے آخری میں کراچی میں منعقد ہونے والی اسلحے کی عالمی نمائش میں ایران کی اولین شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش ان میدانوں میں سے ایک ہے جو ایران اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے لیے مختلف مواقع کھول سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس موقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرے گا تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سائنسی، صنعتی اور دفاعی تعاون کو زیاد ہ سے زیاد فروغ دیا جاسکے۔
جنرل قریشی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی اچھی ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک مشترکہ سرحدوں کی سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید حجت اللہ قریشی بدھ کی رات ایک فوجی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں پاکستان کے نائب وزیر دفاع ایڈمرل عامر محمود نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیر مقدم اور فوجی اتاشی کرنل محمد محسن بھی موجود تھے۔
نائب وزیر دفاع اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے ارکان اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اعلیٰ سطحی پاکستانی دفاعی اور فوجی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔