ارنا نے جمعے کی شام رپورٹ دی ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ نے بتایا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحیی سنوار صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ یحیی سنوار نے جیل سے رہائی کے بعد جانفشانیوں کا سلسلہ جاری رکھا یہاں تک کہ آپریشن طوفان الاقصی تک پہنچے۔
انھوں نے کہا کہ سنوار نے حماس کے بانی احمد یاسین جیسے عظیم شہدا کی راہ کو جاری رکھا ۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ خون شہدا ہمارے راستے کو نورانی اور روشن نیز استقامت کے لئے ہمارے جذبے کو محکم کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس پوری سرزمین پر فلسطینی حکومت کے قیام اور مقبوضہ بیت المقدس کے اس کا دارالحکومت بننے تک حماس اپنا راستہ جاری رکھے گی ۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ یحیی سنوار اور ان سے پہلے کے لیڈران کی شہادت سے ہماری تحریک کی طاقت و استواری میں اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یحیی سنوار نے میدان جنگ میں پیٹھ کبھی نہیں دکھائی اورایسی حالت میں شہید ہوئے کہ مختلف مورچوں اور اگلی صفوں میں سرگرم اور موجود تھے۔
حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ نے کہا کہ صیہونی جنگی قیدی صرف اسی وقت واپس جائيں گے جب غزہ پر جارحیت پوری طرح رک جائے، صیہونی فوجی وہاں سے مکمل طور پر نکل جائیں اور سبھی فلسطینی قیدی اپنے گھروں کو واپس آجائيں۔