اسلام آباد - ارنا - پاکستان اور روس کی خصوصی افواج کی ساتویں مشترکہ مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں دہشت گردی سے نمٹنے اور عسکری مہارت کے شعبے میں تجربات کے تبادلے پر توجہ مرکوز رہی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی فیڈریشن آرمی کے خصوصی دستے ڈوژبا-7 مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستانی فوج کے مطابق دہشت گردی سے نمٹنے کے میدان میں دونوں ملکوں کی فوجوں کے تجربات کا تبادلہ، فضائی مشقیں کرنا اور فوجی مہارت کے شعبے میں تجربات کا تبادلہ، دوژبا مشقوں کے اہداف میں سرفہرست ہیں۔

روس اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں میں تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک سیکورٹی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے جیسے اہم شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان کو ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقتوں کے گروپ برکس میں شمولیت کے لیے ماسکو کی حمایت بھی حاصل ہے۔

اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان تعلقات میں نمایاں پیش رفت بالخصوص حالیہ برسوں میں مسلح افواج کے درمیان تعاون کا معاملہ ملکی اور غیر ملکی میڈیا میں ہمیشہ موضوع بحث رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تئیں امریکہ کی دوہری پالیسیوں کی وجہ سے حکومت اسلام آباد چندآں خوش نہیں۔

  اسلام آباد چین اور روس سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بناکے اپنی پوزیشن بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان اور روس کے درمیان سیاسی، عسکری اور دفاعی وفود کے تبادلوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے جس سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی نشاندہی ہوتی ہے۔

تقریباً 10 سال قبل روس اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی دونوں جوہری ممالک کے درمیان عسکری اور دفاعی تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوا تھا۔