تہران – ارنا – لبنان کے محکمہ صحت نے پیر کی صبح ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر صیدا کے عین الدلب علاقے  میں بے گھر ہونے والے لبنانی مہاجرین پر صیہونی حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے

ارنا نے المنار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونیوں کے اس وحشیانہ حملے میں 47 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس سے پہلے رپورٹوں میں اس حملے میں 24 کے شہید اور 29 کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی تھی۔  

   اس وحشیانہ حملے میں اس عمارت پرجس میں  بے گھر ہونے والے لبنانی عوام نے پناہ لے رکھی تھی، صیہونی جنگی طیاروں نے بمباری کردی۔

ارنا کے مطابق یہ وحشیانہ حملہ ایسی حالت میں ہوا ہے کہ لبنان کے محکمہ صحت نے اتوار کی رات بتایا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ فضائی حملوں میں 109 افراد شہید ہوئے ہیں۔

لبنان کے محکمہ صحت کے مطابق اتوار کو صیہونی حملوں میں اسی طرح 364 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 یاد رہے کہ  دارالحکومت بیروت کے ضاحیہ جنوبی سمیت لبنان کے مختلف علاقوں پر پیر 32 ستمبر سے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری ہیں ۔

جمعے کی شام بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ فضائی حملوں میں کئی کثیر منزلہ رہائشی عمارتیں منہدم اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے تھے۔

 ان حملوں ميں اسرائیلی حکومت  کو امریکا سے ملنے والے ایف 35 جنگی طیاروں نے  متعدد بنکر بسٹر بم گرائے تھے۔ یہ بم صرف امریکا بناتا  ہے اور اسی نے اسرائیلی حکومت کو یہ بم  اور دیگر انواع و اقسام کے تباہ کن اسلحے دیئے ہیں۔