تہران (IRNA) رہبر انقلاب اسلامی نے جمعرات 26 ستمبر 2024 کو ہفتۂ مقدس دفاع اور مقدس دفاع کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے دن "روز مہمانی لالہ ھا" کی مناسبت سے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ شہیدوں کی یاد اور انھیں خراج عقیدت پیش کرنا، ایرانی قوم کی پیشرفت اور انقلاب کے اہداف کی راہ سے منحرف نہ ہونے کی ضمانت ہے۔
اس پیغام کا متن جو پورے ایران میں شہیدوں کے مزاروں کی صفائی، عطر افشانی اور گل باران کے پروگرام کے ساتھ ہی، تہران کے بہشت زہرا قبرستان کے گلزار شہداء میں، شہیدوں اور دفاع مقدس میں شامل فورسز کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین موسوی مقدم نے پڑھا، حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہفتۂ مقدس دفاع، عالی مرتبت شہیدوں کی یاد سے ملک کے ماحول کو نورانی بنانے کا ایک اچھا موقع ہے۔ یہ یاد اور خراج عقیدت، ایرانی قوم کی پیشرفت کی راہ کی حفاظت اور انقلاب کے اہداف کی راہ سے منحرف نہ ہونے کی ضمانت ہے اور اس کی قدروقیمت کو سمجھنا چاہیے۔
غفلتیں اور روزمرہ کی زندگي کی مصروفیات، ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں ان قدرتی باتوں کو، نورانیت اور طہارت کے اس سرچشمے سے دور کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ خدائے علیم و قدیر کی مدد کی امید کے ساتھ۔
سید علی خامنہ ای
26 ستمبر 2024