تہران – ارنا – میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے لبنان کے وزیر اطلاعات کو دھمکی دی ہے

ارنا نے المیادین ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات کے مشیر  مصباح العلی نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات زیاد المکاری کے دفتر کو صوتی پیغام کی صورت میں دھمکی ملی ہے کہ یہ دفترخالی کردیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ لبنان کے سرکاری ذرائع  بین الاقوامی حلقوں میں اسرائیلی حکومت کی دھمکیوں کا جواب دیں گے کیونکہ کسی سرکاری عمارت کو دھمکی دینے کا خاص مطلب ہوتا ہے۔

 لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی آج پیر کو رپورٹ دی ہے کہ بیروت کے بعض علاقوں میں عام شہریوں کو اسرائیلی دشمن کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات مل رہے ہیں جن میں ان سے کہا جارہا ہے کہ اپنی رہائشگاہ کو فورا خالی کردیں۔

میڈیا ذرائع نے صیہونی حکومت کی ان دھھمکیوں کو نفسیاتی جنگ قرار دیا ہے۔

  صیہونی روزنامے اسرائیل ہیوم نے بھی آج پیر کو رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے ریڈیو لبنان کو ہیک کرلیا ہے اور اس کے ذریعے جنوبی لبنان کے باشندوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ اگر وہ حزب اللہ کے فوجیوں کے قریب رہتے ہیں تو فورا اپنی رہائشگاہ چھوڑ دیں۔

 لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بھی آج پیر کو اپنے ملک کے خلاف صیہونی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم آگ سے کھیل رہے ہیں اور لبنان نیز پورے علاقے کو یک بڑی جنگ میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔  

 نبیہ بری نے کہا کہ ہے کہ بن یامن نتن یاہو جنوبی لبنان کے سرسبز وشاداب علاقوں کو فاسفورس بموں سے برباد کرکے ناقابل رہائش بنادینے کی کوشش کررہے ہیں۔

انھوں نے  صیہونی  حکومت کے وحشیانہ حملوں میں لبنان کے عام شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور سن رسیدہ افراد نیز  محکمہ صحت کے کارکنوں کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس سمت میں آگے بھی نہیں بڑھ رہے ہیں لیکن اپنی زندگی اور اپنی توانائیوں نیز وسائل کے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔